لاہور: ورلڈ الیون کی ٹیم کے مایہ ناز بالر مورنے مورکل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی لوگ بہت مہمان نواز ہیں ،یہاں آکر بہت اچھا محسوس کررہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2007ءمیں پاکستان کا دورہ پاﺅں کی ہڈی ٹوٹنے کی وجہ سے نہیں کر سکے۔ دوبارہ موقع ملا تو یہاں آکر ضرور کھیلوں گا۔انہوں نے کہا کہ ان کے علاوہ بھی ٹیم میں اچھے باولرز ہیں اور خاص طور پر ورلڈ کلاس اسپنر بھی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جمعہ کو ایک بہترین فائنل ہوگا، بطور مین باولر کوئی پریشر محسوس نہیں کر رہا۔ ہم پروفیشنل کرکٹ کھیلتے ہیں، ہماری ٹیم میں دنیا کے دو بہترین اسپنر سیموئل بدری اور عمران طاہر موجود ہیں۔
مورنی مورکل نے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال کرنے کے لئے آئے ہیں اور امید ہے کہ ہماری کوششیں کامیابی سے ہمکنار ہوں گی۔پاکستان میں بہت مہمان نوازی ہوئی اور بہترین سیکورٹی مہیا کی گئی۔ دونوں ٹیمیں ایک ایک میچ جیت چکی ہیں اور جمعہ کے روز فائنل میچ سیریز کا فیصلہ کرے گا۔