لندن: برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی طالبہ کنزیٰ عظیمی نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے سعید بزنس اسکول سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی اور غیر معمولی کارکردگی پر انہیں ’’سعید پرائز‘‘ سے نوازا گیا۔ بیان کے مطابق 58 ممالک کے 327 طالب علموں میں سے پاکستانی طالبہ کنزیٰ عظیمی کو ایوارڈ کے لیے منتخب کیا گیا۔
یونیورسٹی کے صدیوں پرانے شیلڈونین تھیٹر میں منعقدہ پروقار تقریب میں سعید بزنس اسکول کے ڈین پیٹر ٹوفانو نے کنزیٰ عظیمی کو اس ایوارڈ سے نوازا۔ آکسفورڈ یونیورسٹی کے مطابق ہر سال شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طالب علم کو اس ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔
پیٹر ٹوفانو نے کنزیٰ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کورس کے دوران انہوں نے بہترین ایونٹس منعقد کیے وہ اپنی محنت سے یونیورسٹی کے بزنس نیٹ ورک کی ویمن لیڈرشپ کی چیئرمین منتخب ہوئیں اور صنفی تفریق کے خاتمے کی کوششیں کیں۔
کنزیٰ اس سے قبل 2013 میں لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز سے گریجویشن کی ڈگری بھی حاصل کر چکی ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں