سلمان خان کے گھر کے باہر سکیورٹی سخت، لارنس بشنوئی کی ہٹ لسٹ  میں اداکار  سرفہرست

06:24 PM, 14 Oct, 2024

نیوویب ڈیسک

ممبئی :بالی وڈ کے اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر سکیورٹی سخت کردی گئی ہے ۔  لارنس بشنوئی کی ہٹ لسٹ  میں  اداکار  سرفہرست ہیں۔ بھارتی ریاست مہاراشٹر کے سابق وزیر اور نیشنل کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما بابا صدیق کے قتل کے بعد ممبئی میں بالی وڈ اداکار سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ 

واضح رہے کہ  بابا صدیق کو ممبئی کے علاقے باندرہ کے نرمل نگر میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، جس کے بعد سلمان خان کے گھر کے باہر سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ سلمان خان نے لیلاوتی ہسپتال جاکر بابا صدیق کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے اظہار تعزیت کیا۔

احمد آباد کی سابرمتی جیل میں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے حکام کو لارنس بشنوئی نے بتایا کہ اس کی ہٹ لسٹ میں پانچ شخصیت نمایاں ہیں۔ ان میں پہلے نمبر پر بالی وڈ سٹار سلمان خان ہے۔


سلمان خان نے 1998 میں فلم ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کی شوٹنگ کے دوران دو کالے ہرن مار ڈالے تھے۔ تب سے بشنوئی گینگ سلمان خان کے پیچھے پڑا ہوا ہے۔بشنوئی گینگ کی ہٹ لسٹ پر بھارتی پنجاب کا مقتول گلوکار سدھو موسے والا کا مینیجر شگن پریت سنگھ بھی موجود ہے۔ من دیپ دھریوال، کوشل چودھری اور امت ڈاگر بھی شامل ہیں۔

مزیدخبریں