واشنگٹن: نوعمر افراد کیلئے منکی پاکس کی ویکسین کی منظوری دے دی گئی ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے 12 سے 17 سال کے نو عمر افراد کو منکی پاکس سے محفوظ رکھنے کے لیے جرمن کمپنی بویرین نارڈک کی ’ایم پاکس ویکسین‘ کی منظوری دے دی۔
ادارہ صحت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے نوعمر افراد کیلیے 8 اکتوبر کو جائنیوس ویکسین کی پری کوالیفیکیشن کی منظوری دی تھی۔واضح رہے کہ 12 سے 17 سال کی عمر کے نوجوانوں کو عالمی سطح پر خدشات کا باعث بننے والی اس بیماری کے لیے زیادہ غیرمحفوظ تصور کیا جاتا ہے۔بچوں، نوعمر افراد اور کمزور مدافعتی نظام کے حامل افراد کو منکی پاکس سے غیر محفوظ تصور کیا جاتا ہے، یہ ایک ایسا وبائی مرض ہے جس میں شدید نزلے کی علامات کے ساتھ جسم پر پس زدہ زخم نمودار ہوجاتے ہیں۔
ڈبلیو ایچ او نے رواں سال اگست میں جمہوریہ کانگو سے منکی پاکس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کے بعد دو سال میں دوسری مرتبہ منکی پاکس کو عالمی صحت عامہ کے لیے ایمرجنسی قرار دیا تھا۔
دریں اثنا امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن بھی 18سال اور اس زائد العمر افراد کے لیے بویرین شاٹ کی منظوری دے چکی ہے گوکہ 2022 میں منکی پاکس کی وبا سامنے آنے کے بعد ہنگامی طور پر نوعمر افراد کے لیے بھی اس ویکسین کے ہنگامی استعمال کی اجازت دی گئی تھی۔