بریلی : بھارت کے شہر بریلی میں ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کر کے لڑکی کے معدے سے بالوں کا گچھا نکال لیا۔
حال ہی میں بریلی میں ایک عجیب و غریب نامی بیماری سامنے آئی ہے، متاثرہ خاتون کارگینا کی رہائشی ہے اور اسے ’’ٹرائیکوفیجیا‘‘ نامی بیماری کی تشخیص ہوئی، جسے ’’رپنزل سنڈروم‘‘ بھی کہا جاتا ہے، یہ ایک نایاب نفسیاتی حالت ہے جس میں افراد اپنے بال کھانے کی عادت میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈاکٹروں نے 21 سالہ لڑکی کے پیٹ سے 2 کلو بال نکال لئے، مریضہ 16 سال سے بال کھا رہی تھی۔اس خاتون میں یہ تشخیص 20 ستمبر کو کی گئی جب سی ٹی سکین میں خاتون کے معدے اور آنتوں میں بالوں کے بڑے ذخیرے کا انکشاف ہوا۔
کامیاب آپریشن کے بعد اس حوالے سے سرجن ڈاکٹر ایم پی سنگھ نے بتایا کہ بالوں کی مقدار نے خاتون کے معدے کی پوری جگہ کو بھر دیا تھا اور کچھ حصہ آنتوں میں بھی چلا گیا تھا۔
واضح رہے کہ بالوں کا یہ گولا متاثرہ خاتون کے معدے سے 26 ستمبر کو سرجری کے ذریعے نکالا گیا، ہسپتال کی انچارج ڈاکٹر الکا شرما نے اس طرح کے کیسز کی نایابی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 20 سالوں میں اس طرح کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔