شارجہ : ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کےمیچ میں آسٹریلیا بھارت کو شکست دینے کے بعد سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور 8 وکٹوں کے نقصان پر 151 رنز بنائے، گریس ہیرس 40 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں جبکہ تالیا میک گراتھ اور الیس پیری نے 32، 32 رنز بنائے۔
دوسری جانب 152 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بھارتی ویمن ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 142 رنز بناسکی، بھارتی کپتان ہرمن پریت کور 54 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں جبکہ دپیتی شرما 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں۔
گروپ اے میں آسٹریلیا اپنے چاروں میچز جیت کر 8 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ جبکہ اسی گروپ سے سیمی فائنل میں جانے والی دوسری ٹیم کا فیصلہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین آج ہونے والے میچ سے ہو گا۔
یاد رہے کہ بھارت 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، نیوزی لینڈ 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور پاکستان 2 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔