کراچی : مجوزہ آئینی ترامیم کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے معاملے پر ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کی قیادت کے درمیان ملا قات آج ہو گی ۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کا وفد شیری رحمان کی قیادت میں آج ایم کیو ایم سے ملاقات کرے گا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات آج صبح 11 بجے اسلام آباد میں ہوگی جس میں ایم کیو ایم کے گورنر کامران ٹیسوری ، فاروق ستار اور دیگر رہنما شریک ہوں گے ، پی پی قیادت میں نوید قمر، ڈاکٹر عاصم حسین سمیت دیگر پارٹی ممبرز شامل ہوں گے۔
ملاقات میں مجوزہ آئینی ترمیمی پیکج پر گفتگو ہوگی اور دونو ں سیاسی جماعتیں اس حوالے سے اپنے نکات آمنے سامنے رکھیں گی۔
ذرائع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی وفاقی کے ساتھ صوبائی آئینی عدالت کا فارمولہ بھی ایم کیو ایم کے سامنے رکھے گی جبکہ ایم کیو ایم پیپلز پارٹی کے سامنے بلدیاتی ترمیمی بل مسودے کی حمایت کی بات کرے گی۔ایم کیو ایم بلدیاتی ترمیمی بل پر پارلیمان میں ووٹنگ کروانے اور پیپلز پارٹی سے اس کو سپورٹ کرنے کا مطالبہ کرے گی۔ جلد پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت کا ایم کیو ایم مرکز کے دورے کا بھی امکان ہے۔