پشاور:جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کاکہنا ہے کہ 40 سال پہلے مغرب اور مشرق کے مابین نظریاتی تصادم تھا، آج حالات مختلف ہیں، دنیا بدل گئی ہے۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مفتی محمود کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ 40 سال پہلے مغرب اور مشرق کے مابین نظریاتی تصادم تھا، آج حالات مختلف ہیں، دنیا بدل گئی ہے۔ اس عظیم اجتماع میں تمام سیاسی جماعتوں کی شرکت پر شکر گزار ہوں، مفتی محمود نے ہر میدان میں کامیابی حاصل کی، مفتی محمود نے پاکستان کی سیاست میں علماء کو اعتماد دیا۔
ان کاکہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ، بیوروکریسی اور سیاست مغرب کے دباؤ میں ہے، کہا گیا امریکہ کا اصول ہے کہ جمہوریت ہونی چاہیے۔ ہم ایسے حالات پیدا نہیں کرنا چاہتے کہ دنیا سرمایہ کاری نہ کرے، جبر کی بنیاد پر ہمیں سیاست سے باہرنہیں کیا جاسکتا، دھاندلی نہیں چلے گی، ہم کسی کے سامنے سر جھکا کر سیاست کرنے کے لئے تیار نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دھاندلی کی بنیاد پر بین الااقوامی ایجنڈہ مسلط کیا گیا، کوئی ہمیں پارلیمنٹ سے باہر رکھے گا تو ہم انہیں پارلیمنٹ سے باہر آنے نہیں دیں گے۔ ہم معقول سیاست کرتے اور سکھاتے ہیں، زبردستی اور دھاندلی نہیں بلکہ آئین چلے گا۔