اسلام آباد: سینیٹ کا اجلاس شروع ہوتے ہی کورم پورا نہ ہونے کے باعث ملتوی کر دیا گیا ۔ ایوان میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین نے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں ۔
سینیٹ کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا آفریدی کی صدارت میں منعقد ہوا ، اجلاس شروع ہوتے ہی قائد حزب اختلاف شہزاد وسیم نے اعظم سواتی کی گرفتاری کا ذکر کیا جس پر پی ٹی آئی ارکان سراپا احتجاج بن گئے ، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں اور اعظم سواتی کو رہا کرو کے نعرے لگائے ۔
اس دوران مسلم لیگ ن کے سینیٹر افنان اللہ نے کورم کی نشاندہی کی جس پر ڈپٹی چیئرمین نے اجلاس ملتوی کر دیا ۔ سینیٹ کا اجلاس اب پیر کی سہ پہر چار بجے ہو گا ۔
اجلاس کے بعد شہزاد وسیم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک میں قانون کی عملداری نہیں ، اعظم سواتی کے گھر کا تقدس پامال کیا گیا ۔ سینیٹر اعجاز چودھری کا کہنا تھا کہ 6 ماہ سے ملک میں فسطائیت جاری ہے ، جس سے ملک تباہ ہوچکا ہے ۔