راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ایئر فورس اور آرمی ایئر ڈیفنس دفاع کے لیے مثالی کام کر رہے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی ایئر ڈیفنس سینٹر کراچی کا دورہ کیا اور چینی ساختہ ایچ کیو 9 پی کی آرمی ایئر ڈیفنس میں شمولیتی تقریب میں شرکت کی۔ آرمی چیف کو کمانڈر ایئر ڈیفنس نے ہتھیاروں سے متعلق آگاہ کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہائی ٹیک سسٹم کی شمولیت سے درپیش خطرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی جبکہ ایئر ڈیفنس مجموعی دفاعی نظام میں خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایئر فورس اور آرمی ایئر ڈیفنس دفاع کے لیے مثالی کام کر رہے ہیں جبکہ پاک چین اسٹریٹجک شراکت داری خطے میں استحکام کا عنصر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی قیادت میں پاک فوج نے روایتی جنگی صلاحیت میں اضافہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنگی صلاحیتوں میں اضافے پر خصوصی توجہ دی۔
خیال رہے کہ پاکستان نے مختصر عرصے میں اپنی روایتی حربی صلاحیتوں کو مزید مستحکم کیا۔ ایل وائی 80 ویپن سسٹم ہو یا فتح ون گائیڈ ملٹی لانچ راکٹ سسٹم، وی ٹی 4 ٹینک ہو یا اے 100 راکٹ پاکستان خود انحصاری کے لیے کوشاں رہا۔