امریکی ناظم الامور کی شہباز شریف اور مریم نواز سے ملاقات، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال

 امریکی ناظم الامور کی شہباز شریف اور مریم نواز سے ملاقات، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال
کیپشن: امریکی ناظم الامور کی شہباز شریف اور مریم نواز سے ملاقات، خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال
سورس: فائل فوٹو

لاہور: پاکستان میں امریکی ناظم الامور اینجیلا ایگلر نے شہباز شریف اور مریم نواز سے الگ، الگ ملاقاتیں کیں اور خطے کی صورت حال سمیت سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع مسلم لیگ (ن) کے مطابق امریکی ناظم الامور کی شہباز شریف سےم لاقات میں خطے کی صورت حال اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس کے علاوہ امریکی ناظم الامور نے مریم نواز سے بھی جاتی عمرا میں علیحدہ ملاقات کی اور خطے کی صورت حال اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا جبکہ مریم نواز نے امریکی ناظم الامور کے لیے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا۔

ترجمان کے مطابق مریم نواز نے نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن اور ان کی حکومت کو مبارک باد دی اور پاکستان کے عوام کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام دیا۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے اس موقع پر کہا کہ افغانستان میں کسی مداخلت کے حامی نہیں اور افغان عوام، خواتین اور بچوں کے لیے امن، ترقی اور خوش حالی چاہتے ہیں جبکہ افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے سازگار فضا ضروری ہے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ جمہوریت، ترقی اور سلامتی پر مبنی ایجنڈے کے فروغ پر یقین رکھتی ہے اور ایسی سازگار فضا ضروری ہے جس میں افغان مہاجرین گھروں کو لوٹ سکیں۔