لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کیلئے منتخب قومی ٹی 20 ورلڈ کپ سکواڈ کے ٹریننگ شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی ہے اور آج سینیاریو میچ کے بجائے قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس کی جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ قومی سکواڈ کا ٹریننگ سیشن شام 5 بجے شروع ہو گا اور 2 گھنٹے پر مشتمل ٹریننگ سیشن میں کھلاڑی نیٹ سیشن کریں گے۔پی سی بی کے مطابق قومی سکواڈ کل صبح 11 بجے دبئی روانہ ہوگا جس کیلئے سکواڈ کل صبح 7 بجے مقامی ہوٹل سے ایئرپورٹ کیلئے نکلے گا۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 17 اکتوبر سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور عمان میں شروع ہو گا جہاں پاکستان اپنے سفر کا آغاز 24 اکتوبر کو روائتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کرے گا۔
شیڈول کے مطابق قومی ٹیم دوسرے میچ میں 26 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی جبکہ تیسرا میچ 29 اکتوبر کو افغانستان کے خلاف کھیلا جائے گا۔ مختصر فارمیٹ کے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل 10 اور 11 نومبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل میچ 14 نومبر کو ہو گا۔