ماسکو : روس میں کورنا وائرس نے ایک بار پھر پنجے گاڑھ لئے ، 24 گھنٹے میں ایک ہزار کے قریب افراد زندگی کی بازی ہار گئے ۔ 6 ہزار افراد وینٹی لیٹر پر شفٹ کردیئے گئے ۔
میڈیارپورٹس کے مطابق روس میں کورونا وائرس کی وباء نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا چند ہی روز میں ہزاروں لوگ متاثر ہوگئے ۔ کورونا وائرس کی وباء سے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 28 ہزار 717 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
روس کے وزیر صحت میخائل مراسکو کے مطابق ملک بھر کے اسپتالوں میں عالمی وبا کے لیے 2 لاکھ 55 ہزار بیڈز مختص کئے گئے ہیں جن میں سے 2 لاکھ 35 ہزار کے قریب مریض موجود ہیں اور 6 ہزار مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔
روس کی کورونا وائرس ٹاسک فورس کے مطابق ملک میں 78 لاکھ کورونا کے تصدیق شدہ کیسز موجود ہیں جبکہ عالمی وبا سے ہلاک افراد کی تعداد 2 لاکھ 19 ہزار 329 تک پہنچ چکی ہیں جو کہ یورپ میں سب سے زیادہ ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتا یا گیا ہے کہ روس میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث مغربی علاقوں میں معمول کے سارے آپریشنز ملتوی کیے جا چکے ہیں اور کورونا کے لیے مختص وارڈز میں گنجائش بھی ختم ہو چکی ہے۔
روس کے مغربی علاقوں کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی صورتحال انتہائی خطرناک ہو چکی ہے اور مریضوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن کے کام میں سستی کی وجہ سے کورونا وائرس دوبارہ سے سر اٹھانے میں کامیاب ہوا ہے ۔ حکام کے مطابق کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کے عمل کو تیز تر بنایا جائے گا۔
روسی ڈاکٹروں کے مطابق کورونا وائرس کے دوبارہ سراٹھانے کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ عوام میں کورونا وائرس کا پہلے جیسا خوف اب نہیں رہا ۔ عوام کو اندازہ ہوگیا ہے کہ اس سے کیسے نمٹا جاسکتا ہے لیکن اس کے باوجود ویکسی نیشن کرانا بہت ضروری ہے کیونکہ کورونا وائرس کی شدید ا ثرات کسی کی جان کے لئے سنگین خطرات لاحق کرسکتے ہیں ۔
حکومتی سطح پر عوام سے کئی مرتبہ ویکسی نیشن پر زور دیا گیا ہے اور اس کے لئے حکومت کی کئی ٹیمیں عوام میں آگاہی کی مہم بھی چلا رہی ہیں ۔