کراچی: سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں پاکستان کے پاس بہت ٹیلنٹ ہے، ہم نے ہی اس کھیل کو سنسنی خیز بنایا، ہمارے کھیل کے سٹائل کو دیگر ٹیموں نے اپنایا۔ 2009ء والا جذبہ دہرایا جائے تو ورلڈ کپ جیتنا ناممکن نہیں ہے۔
ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں جیت کا جذبہ موجود ہے، کوئی ٹیم غلط اندازے نہ لگائے، ہماری ٹیم ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں حیران کن پرفارمنس دے سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کیساتھ کھیلنا کسی لئے آسان نہیں ہوگا۔ غیر ملکی میڈیا غلط اندازے نہ لگائے۔ ٹی ٹونٹی کا فارمیٹ ہمارے لئے ہی موزوں ہے۔ ہمارے کھلاڑی ہمیشہ جیت کا جوش لئے میدان میں اترتے ہیں جو اس کھیل کی بنیادی ضرورت ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ تاہم کھلاڑیوں کو 2009ء والا جذبہ دکھانا ہوگا۔ سری لنکن ٹیم پر حملے کی وجہ سے انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے پاکستان پر بند ہو چکے تھے، پورا ملک مایوسی کا شکار تھا، قوم کو اس پریشانی سے نکالنے کیلئے انھیں جیت کی خوشی دینا ضروری تھا۔
انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے اپنی کارکردگی سے ناممکن کو ممکن کر دکھایا اور ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2009ء جیت کر انھیں تحفہ دیا۔
خیال رہے کہ ورلڈ کپ 2009ء کے سیمی فائنل میں شاہد آفریدی نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اکیاون رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس کارکردگی پر انھیں مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ بعد ازاں فائنل میں بھی انہوں نے 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔