بجلی کی قیمتیں فوری نہیں بڑھائی جائیں گی: وزیر خزانہ کا اعلان  

11:34 AM, 14 Oct, 2021

واشنگٹن: وزیر خزانہ شوکت ترین نے اعلان کیا ہے کہ بجلی کی قیمتیں فورری طور نہیں بڑھائی جائیں گی۔ حکومت کو کچھ کمپنیوں کی پرائیویٹائزیشن کرنا ہوگی، عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف سے اس معاملے پر بات چیت ہوئی ہے۔

وزیر خارجہ نے یہ بات واشنگٹن میں امریکی انسٹی ٹیوٹ آف پیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کو جلد چھٹی قسط ملنے کی امید ہے۔

شوکت ترین نے کہا کہ پاکستان کی معیشت ڈوب رہی تھی لیکن وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آ کر اس کو بچایا، ان کی جانب سے زراعت سمیت مختلف شعبہ جات میں کئے جانے والے انقلابی اقدامات کی وجہ سے پاکستانی معیشت پانچ فیصد سے زیادہ رفتار سے ترقی کریگی۔

خیال رہے کہ وزیر خزانہ شوکت ترین نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کی جی ڈی پی گروتھ 5 سے 7 فیصد ہوگی تو غریبوں کو فائدہ پہنچے گا۔ گروتھ جیسے ہی بڑھتی ہے تو کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ جاتا ہے۔ گروتھ مستحکم ہوگی تو آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میں عمران خان کو 35 سال سے جانتا ہوں، وہ ایماندار آدمی ہیں، مجھے یقین ہے کہ وہ ہی اس ملک کو ٹھیک کریں گے۔

انہوں نے کہا ملکی خزانے میں زیادہ سے زیادہ ڈالرز کی ضرورت ہے ،اگرپاکستان ایکسپورٹ نہیں بڑھے گی تو مسائل بڑھیں گے ،ملکی گروتھ بڑھانے کیلئے ایکسپورٹ کی طرف توجہ دینی پڑے گی ،ایکسپورٹ نہیں ہو گی تو ڈالر کیسے آئینگے ؟ملک کو اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کیلئے ملکی انڈسٹری کا پہیہ چلانا ہوگا ۔

مزیدخبریں