ناروے میں ایک شخص نے شاپنگ پلازے میں تیربرسادیئے ، 5 ہلاک متعدد زخمی

10:17 AM, 14 Oct, 2021

اوسلو: ناروے میں گاہک نے شاپنگ سٹور میں تیر چلا دیئے  ۔واقعہ میں پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ، پولیس نے حملہ آور پر قابو پالیا ۔

تفصیلات کے مطابق اوسلو کے ایک بڑے شاپنگ پلازہ میں داخل ہوتے  ہی ایک ادھیڑعمر شخص نے تیربرسانے شروع کردیئے ۔اس سے قبل کہ سیکورٹی کا عملہ حملہ آور کو حراست میں لیتا کئی لوگ اس کارروائی میں زخمی ہوگئے ۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جب تک شاپنگ مال کی سیکورٹی نےحملہ آور کو حراست میں لیا تب تک وہ اپنے تیروں سے متعددافراد کو زخمی کرچکا تھا ۔

پولیس کاکہنا ہے کہ  کارروائی میں پانچ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے اس موقع پر حملہ آور اور پولیس کے درمیان مڈبھیڑ بھی ہوئی جس میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا  لیکن  اس کی مزید وضاحت نہیں کی۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق واقعہ میں زخمی ہونے والے دو افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔جن میں ایک پولیس افسر بھی ہے جو حملے کے وقت شاپنگ سٹور میں موجود تھے۔
پولیس چیف اویونگ آس نے کہا کہ حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس پر مقدمہ چلایا جائےاور تحقیقات کی جائیں گی کہ اس نے ایسا کیوں کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس معاملے میں مزید کسی اور فرد کو تلاش نہیں کررہے کیونکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق حملہ آور ایک ہی تھا جس کو حراست میں لے لیا گیا ہے ۔

شاپنگ سنٹر میں تیربرسانے کی خبر نے ساری انتظامیہ کو ہلا کر رکھ دیا ۔ نگران وزیراعظم ایرنا سولبرگ نے اس حملے کو خوفناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملے کے پیچھے مقاصد کے بارے میں بات کرنا ابھی قبل از وقت ہے تاہم اس بارے میں مکمل چھان بین کی جائے گی کہ حملہ آور کے مقاصد کیا تھے اور اس نے یہ حرکت کیوں کی ہے ۔

پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں کہا ہے کہ کچھ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آوز ذہنی متاثر شخص ہے جو پہلے بھی کئی بار لوگوں پر اپنے تیر چلاتا نظر آیا ہے تاہم اس سے قبل کسی کی ہلاکت نہیں ہوئی تھی ۔

پولیس اس بارے میں بھی تحقیقات کررہی ہے کہ اگر اس شخص نے ماضی میں بھی کوئی ایسی واردات کی ہے تو اس کی پولیس کو رپورٹ کیوں نہیں کی گئی ۔
یاد رہے کہ ناروے میں اس طرح کے  بہت کم واقعات سامنے آتے ہیں لیکن جب کبھی کوئی ایسا واقعہ رونما ہوتا ہے تو  بہت کم مدت میں پورے ملک میں اس کی بازگشت سنائی دیتی ہے ۔

مزیدخبریں