اسلام آباد: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے آج ملاقات متوقع ہے۔ انہوں ںے کہا کہ پی ٹی آئی اتحادی جماعت ہے، امید ہے کہ ساتھ دے گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم وفاق میں پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ہیں اور وہ صوبے میں ہمارے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیات سے متعلق اجلاس میں شرکت کے لیے وفاقی دارالحکومت آیا ہوں جبکہ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کچھ ارکان پی ڈی ایم کا حصہ بن کر بلوچستان حکومت گرانا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ جام کمال نے الزام عائد کیا کہ ناراض اراکین نے ٹھان لی ہے کہ مسائل حل نہیں کرنا ہیں اور بلوچستان میں عدم استحکام کوئی نہیں چاہتا ہے۔ شروع میں اختلافات سامنے آئے تو صادق سنجرانی سمیت سب بلوچستان آئے اور اس وقت تاثر دیا گیا کہ اکثریت ہمارے خلاف ہے۔
وزیراعلیٰ جام کمال نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد پر 14 اراکین کے دستخط ہیں لیکن پریس کانفرنس میں 6 سے 7 اراکین ہوتے ہیں۔ ہو سکتا ہے کہ ارکان سے دستخط چند روز پہلے لیے گئے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صادق سنجرانی مسائل حل کرنے پر توجہ دے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ کچھ اراکین نے کہا ہے کہ وہ مجبوری میں دوستوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اراکین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارے حلقوں میں مداخلت کی جا رہی ہے۔