اسلام آباد کے ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں سموکنگ روم

اسلام آباد کے ہسپتال کے آپریشن تھیٹر میں سموکنگ روم


اسلام آباد:وفاقی دارالحکومت میں ایک ایسا ہسپتال ہے  جس کے آپریشن تھیٹر میں سموکنگ روم ہے ۔ ادویات بلیک میں فروخت ہوتی ہیں اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات ہے۔ اس ہسپتال میں کوئی گارڈ نہیں اور دیواریں چھوٹی چھوٹی ہیں اور کوئی بھی پھلانگ کر اندر جا سکتا ہے۔ 


یہ انکشافات قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت  میں ہوئے ۔کمیٹی نے وزارت صحت کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر نرم اور ڈپٹی ڈائریکٹر سروسز نرم ڈاکٹر مظہر کو معطل کر کے دو ہفتوں میں انکوائری مکمل کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ اجلاس میں ذیلی کمیٹی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ری ہیبلیٹیشن میڈیسن( نرم )ہسپتال کے دورہ سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔


نرم ہسپتال کا دورہ کرنیوالی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر حیدر علی خان نے کہا کہ نرم ہسپتال میں ہیلتھ ورکرز سے لیکر مریضوں تک کوئی بھی مطمئن نہیں تھا،ہم نے تمام لوگوں کو الگ الگ سنا،سب کے ہسپتال کی انتظامیہ پر شدید تحفظات تھے،ہسپتال میں ادوایات بلیک میں فروخت ہوتی ہیں۔


انہوں نے بتایا کہ ہسپتال میں صفائی کے ناقص انتظامات ہیں،ہسپتال انتظامیہ ہمارے دورے کے بعد وزارت صحت میں گئے اور ہمارے خلاف شکایات کیں کہ پارلیمنٹ سے کچھ لوگ آئے تھے جو ہمیں ڈرا دھمکا کر گئے ہیں،اس کے بعد ہماری سفارشات کے بر عکس نوٹیفکیشن جاری ہوا،اگر ہم وفاقی دارلحکومت میں ایک ہسپتال جس میں بدانتظامی کو اپنی آنکھوں سے دیکھا اگر ہم اس کو درست نہیں کر سکتے تو اور کیا کریں گئے۔


ڈاکٹر حیدر علی نے بتایا آپریشن تھیٹر میں سموکنگ روم تھا ،اپریشن تھیٹر میں سگریٹ کی بدبو تھی،ہمارا مطالبہ ہے ان تمام باتوں کی تحقیقات کروائی جائیں،تحقیقات مکمل ہونے تک موجودہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کو عہدے سے ہٹایا جائے۔میرے پاس ثبوت ہیں کہ ہسپتال انتظامیہ آپریشن کیلئے پائیوڈین تک مریضوں سے باہر سے منگوائی جاتی ہیں ،مریضوں کو کہا جاتا ہے کہ ہسپتال میں موجود ادوایات سب سٹینڈرڈز ہیں۔


یاد رہے کہ کمیٹی کیخلاف ہسپتال انتظامیہ نے وزارت صحت کو شکایت کی کہ  پارلیمنٹ سے کچھ لوگ آئے تھے جو ہمیں ڈرا دھمکا کر گئے ہیں ،ہسپتال میں ادوایات بلیک میں فروخت ہوتی ہیں،ہسپتال میں صفائی کے ناقص انتظامات ہیں،ہسپتال جنگل میں واقع ہے،اس ہسپتال میں گارڈ بھی کوئی نہیں ،ہسپتال کی دیواریں بھی ایسی ہیں کہ کوئی بھی پھلانگ کر اندر آسکتا ہے۔