کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، یاسمین راشد

07:44 PM, 14 Oct, 2020

لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ کورونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور اسپتالوں میں بھی کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایت پر کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کا اہم اجلاس ہوا جس میں کورونا کی دوسری لہر روکنے کیلئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں اور کاروباری مقامات پر ایس او پیز پر عملدرآمد سے متعلق صورتحال پر غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ شہریوں کی زندگی اور صحت سب سے پہلے عزیز ہے جبکہ ذمہ داری کا احساس کیا جائے اور عوام بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔

انہوں نے کہا کہ اجتماعات سے کورونا کے پھیلا ؤ کا خدشہ ہے اور انسداد کورونا کے ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد کرایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے وسیع تر مفاد میں ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ مرض کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات کرے۔ دوسری جانب پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے میں عالمی وبا کورونا وائرس کے 6 مریض جاں بحق جبکہ 122 افراد متاثر ہوئے ہیں۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے صوبے میں کورونا کی صورتحال سے متعلق بتایا ہے کہ پنجاب میں کورونا کے ایکٹو کیسز کی تعداد 1772 ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ 1 ہزار 14 ہے جب کہ وبا سے اب تک 2270 اموات ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں صحت یاب مریضوں کی تعداد 96972 ہے جب کہ 24 گھنٹے میں 11072 ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پورے پاکستان میں 615 نئے کیسز کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ 20 ہزار 463 تک پہنچ گئی ہے۔ ادھر وزیراعلیٰ بلوچستان سردار جام کمال کا کورونا ٹیسٹ بھی پازیٹو آ گیا ہے۔ انہوں نے خود ٹویٹ میں تصدیق اس بات کی تصدیق کی۔

وبا کی دوسری لہر کے پیش نظر ملک کے 103 اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ این سی او سی نے عوامی اجتماعات بارے گائیڈ لائنز جاری کر دی ہیں۔ عوامی اجتماعات کی انتظامیہ ایس او پیز پر عملدرآمد کی پابند ہوگی۔ کورونا وائرس کے باعث پنجاب میں2 ہزار270 اور سندھ میں 2 ہزار562 اموات ہو چکی ہیں۔ خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد ایک ہزار 264، اسلام آباد میں 189، بلوچستان میں 146، ‏گلگت بلتستان میں 90 اور آزاد کشمیر میں 80 ہو گئی ہے۔

اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 17 ہزار526 ہوگئی ہے۔ پنجاب ایک لاکھ ایک ہزار14، سندھ میں ایک لاکھ 40 ہزار756، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار427، بلوچستان میں 15 ہزار575، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 965 اور آزاد کشمیر میں3 ہزار198 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

مزیدخبریں