افغانستان سے دہشتگردوں کی فائرنگ، پاک فوج کا حوالدار شہید

افغانستان سے دہشتگردوں کی فائرنگ، پاک فوج کا حوالدار شہید

پاک افغان سرحد پر افغانستان کی جانب سے دہشتگردوں نے ایک بار پھر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں حوالدار تنویر شہید ہو گئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک فوجی زخمی بھی ہوا ہے۔ دہشتگردوں کی جانب سے باجوڑ سیکٹڑ میں  فوجی چوکی پر فائرنگ کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ پاک افغان بارڈر سے جرائم پیشہ عناصر کی آمدورفت روکنے کیلئے پاک فوج باڑ لگا رہی ہے۔ باڑ لگانے کا کام رکوانے کیلئے دہشتگردوں کی جانب سے پاک فوج کے جوانوں پر فائرنگ کی جاتی ہے۔

باجوڑ سیکٹر میں گزشتہ ماہ بھی پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے فائرنگ میں پاک فوج کا جوان شہید ہو گیا تھا۔ فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کے سپاہی 24 سالہ صابر شاہ شہید ہو گئے۔

ماضی میں بھی افغانستان کی سرحد سے پاکستان کے قبائلی علاقوں پر فائرنگ کی جاتی رہی ہے جس کے نتیجے میں بھاری جانی و مالی نقصان ہوا۔ افغان سرحد سے پاک فوج کی چوکیوں کو بھی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔  دو ماہ قبل بھی سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ میں 3 شہری شہید اور 7 زخمی ہو گئے تھے جن میں دو سپاہی بھی شامل تھے۔