گوبر موبائل فون ریڈی ایشن کیخلاف ڈھال؟

گوبر موبائل فون ریڈی ایشن کیخلاف ڈھال؟

ممبئی : بھارت میں گائے تو مقدس ہے ہی لیکن اب اس کے گوبر کو مفید ثابت کرنے کیلئے بھی مہم چلائی جا رہی ہے۔

ہندو مذہب میں گائے کو ماں کا درجہ دیا جاتا ہے اور اب تو اس کے گوبر کی مورتیاں بھی بنائی جا رہی ہیں۔بھارتی حکومت کے نمائندے نے موبائل فون ریڈی ایشن سے بچنے کے لیے بھی گائے کے گوبر سے تیار کی گئی چپ کا استعمال تجویز کر دیا ہے۔

گائے کے گوبر سے بنائی گئی چپ کا نام ’گاؤستواکاوَچ ‘ ہے جسے راجکوٹ کے ایک باڑے کی جانب سے تیار کیا گیا ہے۔بھارتی ہندوؤں نے اپنے دیوتاؤں کی مورتیاں گوبر سے بنانے کے بعد اب فون سِگنل ریڈی ایشن کے نقصانات سے بچنے کے لیے گوبر کی چپ تیار کر لی ہے۔

بھارتی جماعت راشٹریہ کمدھینو ایوگ کے چیئر مین ولبھ بھائی کتھیریا کے مطابق گائے کا گوبر اینٹی ریڈی ایشن ہے جس سے بنی اشیا کے استعمال سے مضر صحت ریڈی ایشن سے بچا جا سکتا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں ایک مہم شروع کی جا رہی ہے جس کا مقصد گائے کے گوبر کی افادیت سے متعلق شعور اجاگر کرنا اور اس سے بنی اشیا کے استعمال کو بڑھانا ہے۔

اس مہم سے متعلق پریس کانفرنس کے دوران چیئر مین ولبھ بھائی کتھیریا نے مزید کہا کہ ’گائے کا گوبر سب کی حفاظت کرے گا، گوبر اینٹی ریڈی ایشن ہے اور یہ بات سائنسی تحقیق سے تصدیق شدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ’ گائے کے گوبرسے بنی یہ چپ موبائل فون سے خارج ہونے والی مضر صحت ریڈی ایشن سے بچائے گی، یہ چپ موبائل فون میں استعمال کی جا سکتی ہے، جو افراد بیماریوں سے بچنا چاہتے ہیں اس چپ کا استعمال کریں، یہ بیماریوں سے حفاظت فراہم کرے گی۔‘