اب مجھے یہ بیماری نہیں لگ سکتی،جلسے میں خوبصورت خواتین کو بوسہ دوں گا: ٹرمپ

اب مجھے یہ بیماری نہیں لگ سکتی،جلسے میں خوبصورت خواتین کو بوسہ دوں گا: ٹرمپ

واشنگٹن :امریکہ میں صدارتی انتخابات کی مہم اپنے عروج کو پہنچ چکی ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنا ووٹ بینک پکا کرنے کی جانب تیزی سے گامزن نظر آتے ہیں جبکہ اسی سلسلہ میں ٹرمپ نے ریاست فلوریڈا سے اپنی مہم کا دوبارہ آغاز کر دیا ہے۔


برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا میں مبتلا ہونے کے بعد پہلی مرتبہ کھلی جگہ پر ہونے والے جلسے میں شرکت کی اور اپنے عوام کی حمایت حاصل کرنے کی پوری کوشش کی۔


امریکی صدر نے ماسک کے بغیر ریلی میں شرکت کی اورکورونا وبا سے نمٹنے کی اپنی حکمت عملی کا دفاع کیا۔ انہوں نے سین فورڈ میں ایئرپورٹ ریلی میں داخل ہوتے وقت مجمے کی جانب ماسک اچھالے اور بار بار اپنے کورونا سے صحت یاب ہونے کے بارے میں بتایا۔ٹرمپ کے ہزاروں حامی  کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے تھے جبکہ اکثرنے ماسک بھی نہیں پہن رکھا تھا۔ 


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ  ٹرمپ نے کہا کہ اب میں اس میں سے گزر چکا ہوں،اب مجھے یہ بیماری نہیں لگ سکتی۔ میں اپنے اندر بڑی طاقت محسوس کر رہا ہوں،میں مردوں اور خوبصورت خواتین کے بوسے لوں گا،میں آپ کا بڑا سا بوسہ لوں گا‘۔


امریکی صدر کے ناقدین نے ان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹرمپ نے انتخابی مہم کی تقاریب میں موجود حامیوں حتیٰ کہ وائٹ ہاؤس کے عملے کی ماسک  لگانے اور سماجی دوری کی پابندیوں پر عمل کے لیے حوصلہ افزائی نہ کر کے غلط کام کیا۔


اس ہفتے کے لیے طے شدہ چار ریلیوں میں سے پہلی ریلی سے پتہ چلتا ہے کہ ٹرمپ نے کرونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد اپنی انتخابی مہم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ انہوں نے جلسے سے خطاب میں کہا  کہ ’اگر آپ یہاں سے جانا چاہتے ہیں تو جائیں‘۔


ٹرمپ کی مخصوص انداز کی ریلیوں میں واپسی کے بعد الیکشن کے دن تک ان کی تین ہفتے کی انتخابی مہم شروع ہو گئی ہے۔ دوسری جانب نئے انتخابی جائزوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ٹرمپ نے میدان جنگ کی حیثیت رکھنے والی دو ریاستوں میں تین نومبر کے مقابلے کے لیے ڈیموکریٹ حریف جوبائیڈن کو قدم مزید مضبوط کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔


یاد رہے کہ ٹرمپ کے کم از کم 11 قریبی ساتھیوں کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جبکہ امریکہ میں 78 لاکھ سے زیادہ افراد وائرس کا شکار ہو چکے ہیں، جب کہ دو لاکھ 14 ہزارہلاکتیں ہوئیں۔ ان کے انتخابی جلسے سے کئی گھنٹے پہلے وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا صدر کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مسلسل دو دن منفی آیا ہے اوراب وہ دوسروں کو وائرس منتقل نہیں کر سکتے۔