کشمیر نیوکلئیر فلیش پوائنٹ بن چکا، بھارتی جارحانہ عزائم امن کیلئے خطرہ ہیں: صدر سردار مسعود خان

کشمیر نیوکلئیر فلیش پوائنٹ بن چکا، بھارتی جارحانہ عزائم امن کیلئے خطرہ ہیں: صدر سردار مسعود خان

لاہور: آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کشمیر نیوکلئیر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔ بھارت کے جارحانہ اور توسیع پسندانہ عزائم نہ صرف کشمیریوں بلکہ علاقائی امن اور سلامتی کیلئے بھی خطرہ ہیں۔

یہ بات نہوں نے لاہور میں ایک ویڈیو لنک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے خدشات بہت زیادہ ہیں۔ دنیا میں کہیں ایٹمی جنگ ہوئی تو وہ جنوبی ایشیا کے خطے میں ہوگی۔ کشمیر نیوکلئیر فلیش پوائنٹ بن چکا ہے۔ ہندوتوا کی بھرپور مخالفت کرنا ہوگی۔

اس سے قبل گزشتہ دنوں مظفر آباد میں ملی یکجہتی کونسل کے رہنمائوں اور کارکنوں سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا تھا کہ ہندو توا کے پیروکار صرف بھارت اور کشمیر میں مسلمانوں کاخاتمہ نہیں چاہتے بلکہ اپنی سرحدوں کو کوہالہ، آزاد پتن اور Wakhan تک توسیع دینے کیلئے بھی سازشیں کر رہے ہیں۔

آزاد جموں وکشمیر کے صدر نے کہا کہ بھارت نے دس لاکھ فوجی دہشتگردی سے لڑنے کیلئے نہیں بلکہ اسی لاکھ کشمیریوں کے قتل عام کیلئے تعینات کئے ہیں۔ سردار مسعود خان نے علمائے کرام اور روحانی پیشوائوں پر زور دیا ہے کہ وہ ان خطرات کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرنے کیلئے مساجد ، امام بارگاہوں ، مدارس اور مزارات کے فورمز کو استعمال کریں۔ انہوں نے علمائے کرام سے کہا کہ وہ لوگوں کو بتائیں کہ بھارت کے فسطائی حکمرانوں نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت مکمل طور پر تبدیل کردی ہے اور اب ان کی نظریں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان پر ہیں۔