فیصل آباد: نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں سندھ نے سنٹرل پنجاب کوسنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹوں سے ہرا دیا، میچ اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلا گیا، فاتح ٹیم کی جانب سے اوپنر خرم منظور نے نصف سنچری سکور کی، اسد شفیق، سرفراز احمد اور انور علی نے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی تیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، سندھ کی ٹیم نے مطلوبہ 189 رنز کا ہدف ایک گیند قبل حاصل کرلیا۔
نیشنل ٹی ٹونٹی کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے دوسرے میچ میں سنٹرل پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مضبوط بیٹنگ لائن اپ کے باوجود سنٹرل پنجاب کی اننگز کا آغاز متاثرکن نہ تھا اور محض 39 رنز پر 2 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے، احمد شہزاد 8 اور کامران اکمل 4 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوئے تاہم کپتان بابر اعظم نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دوسرے اینڈ سے بھرپور مزاحمت کی۔
انہوں نے عمر اکمل کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 86 رنز کی شراکت قائم کی، بابراعظم نے 59 گیندوں کاسامنا کرتے ہوئے ناقابل شکست 102 رنز بنائے جن میں 5 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے، یہ ان کی ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیسری سنچری ہے، مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اختتامی اوورز میں رضوان حسین کی15 گیندوں پر برق رفتار 31 رنز کی ناقابل شکست اننگز کی بدولت سنٹرل پنجاب نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے، سندھ کی جانب سے محمد حسنین نے 2 اور انور علی نے 1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا، جواب میں سندھ کی جانب سے اوپنر خرم منظور نے پر اعتماد کھیل کا آغاز کیا۔
انہوں نے 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے جس کے بعد سندھ کے مڈل آرڈر بلے بازوں نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کو جیت سے ہمکنار کردیا، اننگز کے وسط میں کپتان اسد شفیق نے 45، سرفراز احمد نے 30 جبکہ انور علی نے ناقابل شکست 22 رنز بنائے، سندھ کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر 19.5 اوورز میں حاصل کرلیا، سنٹرل پنجاب کی جانب سے وقاص مقصود نے 3 جبکہ فہیم اشرف اور عثمان قادر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔