منی لانڈرنگ اور میگا پراجیکٹس میں بدعنوانی کا سامنا ہے:شہزاد اکبر

02:51 PM, 14 Oct, 2018

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ اور میگا پراجیکٹس میں بدعنوانی کا سامنا ہے جبکہ برطانیہ سے کرپشن کے مقدمات کھلوانے کا معاہدہ ہوچکا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ برطانیہ سے کرپشن کے مقدمات کھلوانے کا معاہدہ ہوچکا اور مقدمات کھلوانے اگلے ہفتے برطانیہ جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شہزاد اکبر نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور میگا پراجیکٹس میں بدعنوانی کا سامنا ہے، کرپشن کے خاتمے پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، کرپشن کے معاملات اب ایف آئی اے تک محدود نہیں یہ جے آئی ٹی دیکھ رہی ہے۔


انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کے مقدمات کھلوانے اگلے ہفتے برطانیہ جارہے ہیں، برطانیہ کے ساتھ معاہدہ ہوچکا، نیشنل کرائم ایجنسی سے 33 کمپنیوں کی تفصیل مانگی ہے جب کہ اسحاق ڈار کی واپسی کیلئے برطانیہ سے درخواست کی ہے، برطانیہ سے ہمارا ملزمان کی واپسی یا منتقلی کا معاہدہ نہیں ہے جب کہ سوئس اکاؤنٹس میں 200 ارب ڈالر کا اسحاق ڈار ہی بتاسکتے ہیں، سوئس بینکوں میں موجود پاکستانی رقم واپس لانے کے معاہدے میں 5 سال ضائع کیے گئے۔


شہزاد اکبر کا کہنا تھاکہ غیر قانونی رقم واپس لانے کیلئے ہم چین اور یو اے ای سے بھی معاہدہ کررہے ہیں، بیرون ملک غیرقانونی طریقے سے رقم منتقل کرنے والے سیکڑوں ہیں، نام نہیں بتاسکتا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ پاکستان پر 30 ہزار ارب روپے کا قرضہ ہے، ورثے میں معاشی مشکلات کے سوا کچھ نہیں ملا، ماضی کی حکومتوں کی ناقص حکمت عملی سے معاشی مشکلات بڑھیں، قرضوں کا بوجھ ڈال کر ملکی معیشت کو تباہ کیا گیا، اداروں میں سیاسی مداخلت کی وجہ سے ادارے تباہ ہوئے۔


شہزاد اکبر کا کہنا تھاکہ پبلک سیکٹر کا خسارہ 10 کھرب سے تجاوز کرگیا ہے، ہم گرے لسٹ سے بلیک لسٹ کی طرف جارہے تھے لیکن سابق حکمرانوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔


انہوں نے کہا کہ کالے دھن کو دیکھنے کی اشد ضرورت ہے، جس ملک سے بھی غیر قانونی رقم منتقلی کا سراغ ملا وہاں جائیں گے، لوگوں نے ملازمین کے نام پر کمپنیاں بنائی ہوئی ہیں، فالودے والے، رکشے والوں کے نام پر کمپنیاں ہیں اور ان سے اربوں روپے نکل رہے ہیں، غریب لوگوں کے جعلی اکاؤنٹس میں پیسہ منتقل کیا جارہا ہے، غریبوں کو معلوم ہی نہیں کہ ان کے اکاؤنٹس میں پیسہ کون منتقل کررہا ہے۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم کےایل این جی معاملے پر بھی کام ہورہا ہے اور ہوسکتا ہے ایل این جی کے معاملے پر نیب ریفرنس بنائے۔

مزیدخبریں