ٹرمپ کا جوہری سمجھوتے سے متعلق ایران پر یقین کرنے سے انکار

ٹرمپ کا جوہری سمجھوتے سے متعلق ایران پر یقین کرنے سے انکار

واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ انہیں عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پائے معاہدے میں ایران کی جانب سے عمل درآمد پر یقین نہیں ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کو ایران کے حوالے سے اپنی نئی اسٹریٹیجک پالیسی کے اعلان کے موقع پر کہا کہ انہیں عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پائے معاہدے میں ایران کی جانب سے عمل درآمد پر یقین نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی انتظامیہ کانگریس کے ساتھ مل کر معاہدے کو تبدیل کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔


صدر ٹرمپ نے کہا کہ ان کی نئی حکمت عملی نافذ العمل ہونے جا رہی ہے جس کا آغاز پاسداران انقلاب کو بلیک لسٹ کرنے اور اس پر پابندیاں عاید کرنے سے کیا جائے گا۔ انکا کہنا تھا کہ ہم اپنے دوست ممالک کے ساتھ مل کر ایران کی ’تباہ کن‘ سرگرمیوں کا مقابلہ جاری رکھیں گے۔ دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کے لیے ہم ایران پر مزید پابندیاں لگائیں گے، ایران کے میزائل پروگرام کے مسئلے سے نمٹتے ہوئے پڑوسی ممالک کو لاحق خطرات کا سد باب کریں گے اور ایران کو کسی قیمت پر جوہری ہتھیاروں کے حصول کی اجازت نہیں دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ کسی ایسے نئے سمجھوتے پر بات کی جاسکتی ہے جس میں ایرانی مفادات کا تحفظ کی ضمانت دی جاسکے۔ ایران کے ساتھ طے پائے جوہری معاہدے نے بعض عناصر کو جوہری سرگرمیاں جاری رکھنے کا موقع فراہم کیا۔امریکی صدر نے کہا کہ ایران آمرانہ نظام کے تحت چل رہا ہے جو پوری دنیا میں افراتفری پھیلانے کا ذمہ دار ہے۔ ایرانی رجیم دنیا بھر میں امریکیوں پر دہشت گردانہ حملوں میں ملوث رہی ہے۔