ریاض:سعودی عرب میں بنگلہ دیشی کے قتل پر2 ہندوستانیوں کے سر قلم کردیئے گئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے شہر ریاض کے مقامی حکام نے بنگلہ دیشی شہری بابل حسین جبار کو وحشیانہ انداز میں قتل کرنے والے 2ہندوستانی شہریوں کمار بشگر اور لیاقت علی خان رحمان کے سرقلم کر دیئے۔
وزارت داخلہ نے اعلامیہ جاری کر کے واضح کیا کہ ہندوستان کے کمار اورلیاقت علی خان نے بنگلہ دیشی شہری بابل حسین کو دھوکہ دے کر اپنے پاس بلایا ۔ ایک نے اس کے پیٹ پر دھار دار آلے سے حملہ کیا جبکہ پھر اسے قابو کر کے دوسرے ساتھی کو بنگلہ دیشی کی گردن تن سے جدا کرنے کا موقع فراہم کیا۔
دونوں نے اس کمپنی کی تجوری سے نقدی چوری کی جس میں بنگلہ دیشی کام کر رہا تھا۔ دونوں واردات کر کے فرار ہو گئے تھے۔ پولیس نے رپورٹ ملنے پر دونوں کو تلاش کر کے گرفتار کیا اور عدالتی کارروائی کیلئے پیش کر دیا تھا۔ عدالت نے جرم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے دونوں ہندوستانیوں کے خلاف حدحرابہ کی سزا سنائی جسے ریاض شہر میں نافذ کردیاگیا۔