جب بھی آمریت آئی ملک نے ترقی نہیں کی، وزیراعظم

جب بھی آمریت آئی ملک نے ترقی نہیں کی، وزیراعظم

کراچی: وزیراعم شاہد خاقان عباسی نے ملک کے پہلے کلنکر ٹرمینل کا افتتاح کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا یہ واحد حکومت ہے جس نے منصوبے شروع کئے اور انہیں مکمل بھی کیا۔ ٹرمینل سمیت دیگر کام 4 سال میں مکمل کیا گیا کیونکہ حکومتیں پراجیکٹس کا اعلان کرتی ہیں اور 4 ، 5 حکومتیں اس کو مکمل کرتی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 45  سال قبل ذوالفقار علی بھٹو نے لواری ٹنل کا افتتاح کیا تھا لیکن نواز شریف نے 28 ارب سے اسے مکمل کیا۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے خطاب میں مزید کہا نو تعمیر شدہ ٹرمینل ماحول دوست ہے اور پورٹ قاسم پیسے تب بنائے گا جب یہاں سے سیمنٹ کی برآمد شروع ہو گی جبکہ ٹرمینل کو ریلوے سیکشن سے جوڑنے کی بات چیت چل رہی ہے۔ آج الحمدللہ پاکستان کے ہر صارف کو گیس مل رہی ہے اور دسمبر کے بعد جتنی گیس چاہیں گے ملے گی۔ بجلی کا مسئلہ صرف آج کیلیے نہیں کل کیلئے بھی حل کیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا یہ واحد حکومت ہے جس نے چیلنجز کا سامنا کیا اور 1999سے 2013 تک کوئی منصوبہ مکمل نہیں ہوا لیکن اس حکومت کے دور میں ہزاروں کلومیٹر کے موٹروے شروع ہوئے جبکہ کراچی سے سکھر اور سکھر سے ملتان تک اگلے سال موٹروے مکمل ہو جائے گا۔  اپنے خطاب میں وزیراعظم کا یہ بھی کہنا تھا فیصلے عوام کے پاس ہونے چاہییں کیونکہ جمہوریت کے بغیر ملک ترقی نہیں کرے گا آج ملک کی ترقی کا سہرا بھی جمہوریت کو جاتا ہےکیونکہ  جب بھی آمریت آئی ملک نے ترقی نہیں کی۔

وزیراعظم آج شام کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے عہدیداران سے بھی ملاقات کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے امن و امان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کیے جانے کا بھی امکان ہے جس میں کراچی سمیت صوبے بھر کی امن و امان کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ جب کہ وزیراعظم کراچی میں وفاقی حکومت کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں پرپیشرفت کا بھی جائزہ لیں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں