عمران اور شیخ رشید اداروں کو لڑانے کی مذموم سازش کر رہے ہیں، سعد رفیق

11:33 AM, 14 Oct, 2017

 لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں الزام لگایا کہ عمران خان، شیخ رشید اور بعض دیگر عناصر افواج اور عدلیہ کے خود ساختہ ترجمان بن کر اداروں کو لڑانے کی مذموم سازش کر رہے ہیں ۔ مسلم لیگ ن اور نوازشریف کا اصل جُرم پاکستان دشمنوں کی کٹھ پتلی بننے کی بجائے اُن کے سامنے ڈٹ جانا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا عمران اور شیخ رشید جیسے لوگ پاکستان اور جمہوریت دشمنوں کی کٹھ پتلیاں ہیں اور ہم پر مسلسل کیچڑ اچھالنے کا مقصد جمہوریت گرا کر ملک کمزور کرنا ہے۔ مسلم لیگ ن کسی سے ٹکراؤ نہیں چاہتی سب اپنے اپنے آئینی دائرے میں کام کریں تو کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔ آئین میں وزیراعظم ،کابینہ، پارلیمنٹ، عدلیہ اور افواج کے کردار اور دائرہ کار کا تعین ہو چکا ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا تحریک انصاف حصول اقتدار کی خواہش میں اندھی ہو کر جمہوری نظام کے خلاف ہی نبرد آزما ہے اور پیپلز پارٹی ہماری مخالفت میں جمہوریت کی سوکن بن رھی ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے نے گزشتہ روز احتساب عدالت کے باھر ہونے والا جھگڑا مقامی پولیس اور وکلا کے درمیان ہوا تاہم اس کا ملبہ مسلم لیگ پر نہ ڈالا جائے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں