لندن: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے لندن میں ٹرین کے سفر کے دوران قتل کی دھمکی دینے اور ہراساں کرنے پر پولیس میں رپورٹ درج کرادی۔
وزیر دفاع نے پاکستان ہائی کمیشن لندن پہنچ کر مقامی پولیس کو اس واقعے کی تفصیلات فراہم کیں، جس میں ٹرین میں ایک خاندان کے افراد نے انہیں قتل کی دھمکی دی ۔ یہ واقعہ 11 نومبر 2024 کو الزبتھ لائن میں سہ پہر کے قریب پیش آیا، جب خواجہ آصف اپنے عزیز کے ہمراہ ریڈنگ جا رہے تھے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ وہ ان افراد کو نہیں جانتے جنہوں نے انہیں ہراساں کیا۔ لندن ٹرانسپورٹ پولیس اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایاجارہا ہے۔
وزیر دفاع نے اس واقعے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی صورتحال کسی بھی شہری کے لیے ناقابل قبول ہے اور انہیں انصاف ملنا چاہیے۔