راولپنڈی: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی گاڑی کو موٹر وے ایم ٹو پر حادثہ پیش آیا، تاہم وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔ حادثہ نیلا دھلا کے قریب پیش آیا جہاں گورنر کی گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا۔
موٹر وے پولیس کے مطابق، ٹائر پھٹنے کے باوجود گاڑی مکمل طور پر محفوظ رہی اور نہ تو گورنر سلیم حیدر کو اور نہ ہی ان کے ساتھ سوار کسی شخص کو کوئی نقصان پہنچا۔ گورنر پنجاب نے فوری طور پر دوسری گاڑی میں سوار ہو کر اسلام آباد کی جانب روانہ ہونے کا فیصلہ کیا۔
حادثے کے فوراً بعد موٹر وے پولیس نے موقع پر پہنچ کر ضروری کارروائی کی اور گاڑی کو سڑک سے ہٹا لیا تاکہ مزید کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔