لاہور: پنجاب کے بیشتر اضلاع میں دھند اور سموگ کی شدت میں کمی کے لیے کل شام سے ہلکی بارش کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق، 14 سے 16 نومبر تک لاہور، راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، جہلم، فیصل آباد، گوجرانوالا، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے، جو کہ دھند اور سموگ کے اثرات میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہو گی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اس دوران بیشتر پہاڑی علاقوں میں موسم سرد رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری بھی متوقع ہے۔
مزید برآں، خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں جیسے چترال، دیر، سوات، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، مالاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کرم، مردان، صوابی، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں اور لکی مروت میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔