اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر برائے قومی صحت ڈاکٹر ندیم جان نے ملک بھر میں غیر رجسٹرڈ ، پابندی شدہ اور روایتی سرنجوں کی فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے غیر رجسٹرڈپابندی شدہ روایتی سرنجوں کی فروخت کے خلاف مہم کا آغاز کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزارت صحت کے مطابق ڈاکٹر ندیم جان کی ہدایت پر مارکیٹ سروے کا آغاز کیا جارہاہے۔ ڈاکٹر ندیم خان نے اس حوالے سے ڈریپ ، فیلڈ دفاتر اور صوبائی محکمہ صحت کو ہدایات جاریکرتے ہوئے کہا کہ روایتی سرنجوں کا بار بار استعمال کیا جا سکتا ہے جو کہ ہیپاٹائٹس، ایڈز وغیرہ جیسی متعدی بیماریوں کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جن مصنوعات پرپابندی عائد کی گئی ہے ان کی فروخت، تقسیم اور اسٹاکنگ میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
واضح رہے کہ ملک بھر جعلی ،غیر رجسٹرڈ ادویات کے خاتمےکےلئے مربوط حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے ۔ ملک بھر میں نیشنل ٹاسک فورس کے تحت چھاپے مارے جارہے ہیں۔