اسلام آباد: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اقتصادی جائزہ مذاکرات کے اہم مرحلہ میں پاکستان کو درپیش ساڑھے 6 ارب ڈالر کے بیرونی فنانسنگ گیپ کے معاملے پر متحدہ عرب امارات کے سفیر نے آئی ایم ایف مشن کو پاکستان میں معاشی استحکام کیلئے کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف مشن چیف نیتھن پورٹر کی متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الرعابی سے ملاقات کی ، جس میں پاکستان کیلئے بیرونی فنانسنگ گیپ پورا کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران متحدہ عرب امارات سفیر نے آئی ایم ایف مشن چیف کو پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے کردار ادا کرنے اور ساڑھے 6 ارب ڈالر کے بیرونی فنانسنگ گیپ کے معاملے پر یقین دہانی کرائی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن بیرونی فنانسنگ کیلئے یقین دیہانیاں حاصل کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ نگران وزیرخزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے میڈیاسےغیررسمی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات جاری ہیں، آئی ایم ایف پاکستان کیلئے 9 ہزار 415 ارب کا سالانہ ٹیکس ہدف برقرار رکھنے پر رضامند ہوگیا ہے جس کے بعد منی بجٹ نہیں آئے گا۔
وزیرخزانہ نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت اخراجات میں کفایت شعاری کی پالیسی اپنائےگی ۔آئی ایم ایف کو یقین دہانی کرائی اخراجات میں کمی کرکےبجٹ خسارہ قابورکھیں گےآئی ایم ایف کےساتھ بات چیت مثبت اندازمیں آگےبڑھ رہی ہے۔