لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر محمد آصف نے بابر اعظم کی جگہ عبداللہ شفیق کو کرکٹ ٹیم کی کپتانی کیلئے بہترین انتخاب قرار دے دیا۔
کرکٹ ویب سائٹ کرکٹ پاکستان کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد آصف نے کہا کہ کپتان بابر اعظم کو تمام فارمیٹس میں کپتانی چھوڑ دینی چاہئے۔ پاکستان کی جانب سے 72 میچز کھیلنے اور 165 وکٹیں لینے والے محمد آصف نے بابر اعظم کی جگہ اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق کو کپتانی کیلئے بہترین انتخاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ عبداللہ شفیق نے حالیہ دنوں میں زبردست کھیلا ہے تاہم وہ اپنی شاٹ سلیکشن پر مزید محنت سے پاکستان کرکٹ میں طویل عرصے تک کپتان کے طور پر بہت کامیاب ہو سکتے ہیں۔
محمد آصف کے خیال میں عبداللہ شفیق واحد نوجوان کھلاڑی ہیں جو مستقبل میں کامیاب کپتان بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
واضح رہے کہ بابر اعظم کو ایشیا کپ 2023 کے بعد سے ان کی قائدانہ صلاحیتوں کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، سابق کرکٹرز، شائقین اور سوشل میڈیا کا ایک بڑا حصہ بھارت میں آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 کے گروپ مرحلے میں ٹیم کے باہر ہونے کے بعد ان کو کپتانی سے فارغ کرنے کا مطالبہ کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ عبداللہ شفیق پاکستان کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ 2023 کے اسکواڈ کا حصہ تھے۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز نے آٹھ میچوں میں 42 کی اوسط اور 93.33 کے اسٹرائیک ریٹ سے 360 رنز بنائے۔
انہوں نے ٹورنامنٹ میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں بنائیں۔
سابق فاسٹ بولر نے پاکستان کے دورہ آسٹریلیا کے لیے وکٹ کیپر سرفراز احمد کو کپتان مقرر کرنے کے خیال کی مخالفت کی کیونکہ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ وہ ایک قدم پیچھے ہٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کو ٹیم کو آگے لے جانے کے لیے 10 سالہ منصوبہ تیار کرنا چاہیے۔