لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ میں انگلینڈ کیخلاف فائنل میچ کے دوران فیلڈنگ کے دوران انجری کا شکار ہونے والے فاسٹ باؤلر شاہین شا ہآفریدی کو دو ہفتے کے ری ہیب کی ہدایت کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی کے حوالے سے جاری کی گئی اپ ڈیٹ میں بتایا گیا ہے کہ فاسٹ باؤلر کو دو ہفتے کے ری ہیب کی ہدایت کی گئی ہے جس کے باعث ان کا دوبارہ معائنہ کر کے ٹیم میں واپسی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ شاہین آفریدی کا پیر کی صبح ٹیم کی پاکستان روانگی سے قبل سکین کرایا گیا تاہم اس میں کسی بھی طرح کی انجری کی کوئی نشاندہی نہیں ہوئی۔
اعلامیہ کے مطابق سکین کا جائزہ پی سی بی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر نصیب اللہ سومرو اور گھٹنے کے آسٹریلوی سپیشلسٹ ڈاکٹر پیٹر ڈی ایلسنڈرو نے لیا جس دوران یہ بات سامنے آئی کہ شاہین آفریدی کو انجری کا سامنا نہیں ہے اور وہ اب کافی بہتر بھی محسوس کر رہے ہیں۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی کا ری ہیب وطن واپسی کے چند روز بعد نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں شروع ہو گااور کرکٹ میں ان کی واپسی دو ہفتے کے کامیاب ری ہیب سے مشروط ہو گی۔
شاہین شاہ آفریدی دوبارہ کرکٹ کب کھیل سکیں گے؟ پی سی بی نے اپ ڈیٹ جاری کر دی
10:54 PM, 14 Nov, 2022