غزہ: اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں ظلم وبربریت کی انتہا کرتے ہوئے کار سوار 19 سالہ فلسطینی لڑکی کو سر پر گولی مار کر شہید کر دیا جبکہ ایک نوجوان زخمی ہوا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں گھات لگا کر ایک کار کو نشانہ بنایا اور تین اطراف سے کار پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک فلسطینی لڑکی شہید اور ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔
فلسطین کی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ شہید ہونے والی لڑکی کی شناخت 19 سالہ ثنا التال کے نام سے ہوئی ہے جبکہ فائرنگ میں ایک 28 سالہ نوجوان انس زخمی بھی ہوا۔
رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والا نوجوان کار چلا رہا تھا جسے اسرائیلی فوج نے گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس اسرائیلی فوج نے صرف مغربی کنارے میں 197 فلسطینیوں کو شہید کیا جن میں 43 بچے بھی شامل ہیں۔