اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ لانگ مارچ میں حقیقی آزادی کا رونا رو رہے عمران خان کی ساری سیاسی زندگی یوٹرن سے بھرپور ہے، عمران خان چاہتاہے کہ ملک کے اندر اور باہر اس کے سر پر کوئی ہاتھ رکھے، وہ اب امریکہ کی منتیں ترلے کر رہا ہے، عمران خان کو اپنے جھوٹے بیانئے کی سیاسی قیمت ادا کرنی پڑے گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان لانگ مارچ میں حقیقی آزادی کا رونا رو رہا ہے اور اس کی ساری سیاسی زندگی یوٹرن سے بھرپور ہے، عمران خان کبھی کسی ایک نکتے پر کھڑا نہیں رہا، 4 سال میں کتنی باتیں کیں کس بات پر کھڑا رہا؟
ان کا کہنا تھا کہ وقت آ گیا ہے قوم عمران خان کے گریبان پر ہاتھ ڈالے، عمران خان کو اپنے جھوٹے بیانئے کی سیاسی قیمت ادا کرنی پڑے گی، عمران خان کی حکومت کو آئینی طریقے سے باہر نکالا، عمران خان نے جیب سے کاغذ کا ٹکڑا نکالا اور کہا سازش ہوئی، اپنے جلوسوں میں حقیقی آزادی کانعرہ لگایا اور ہماری حکومت کو لیبل کیا یہ امپورٹڈ حکومت ہے، عمران خان کا ساڑھے 3 سالہ دور کرپشن کی طویل داستان ہے۔
وزیر دفاع نے کہا یہ در و دیوار گواہ ہیں کیسے اس ملک کی قسمت سے کھیلا گیا، یہ ہمارے معاشرے، وجود کیلئے وارننگ ہے جو ایسے فراڈئیے پر یقین کرتے ہیں، عمران خان نے ایسے الزامات لگائے جس سے ملکی سلامتی کو نقصان ہوا اور اپنے خلاف آئینی عمل کو بیرونی سازش سے تعبیر کیا، عمران خان چاہتاہے کہ ملک کے اندر اور باہر اس کے سر پر کوئی ہاتھ رکھے۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور حکومت میں (ن) لیگ کو جھوٹے مقدمات میں جیلوں میں بھیجا گیا، عمران دور میں سیاسی انتقام کی آڑ میں رشتوں کا تقدس تک پامال کیا گیا مگر اتحادی حکومت نے کسی کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہیں بنایا اور ہماری حکومت میں نیب نے کسی سیاستدان کے خلاف سیاسی کیس نہیں بنایا بلکہ نامساعد حالات کے باوجود ملکی معیشت درست کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءنے کہا کہ آج عمران خان کہتاہے امریکی سازش کا بیانیہ ماضی کا حصہ ہے اسے بھول جائیں، امریکی سازش کے جھوٹے بیانئے پر ملکی مفادات کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، عمران دور میں وفاقی کابینہ سے ”بندلفافوں“ کی منظوریاں لی جاتی رہیں، توشہ خانہ کے تحائف جن ممالک سے ملے وہ کیا سوچتے ہوں گے۔
وفاقی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ آج تک یہ طے نہیں ہو سکا کہ عمران خان کو کتنی گولیاں لگیں جبکہ وزیر آباد واقعہ کے ملزم کو بھی آج تک عدالت پیش نہیں کیا گیا۔ اس طرح نہیں عمران خان امریکی اخبار کو انٹرویو دے کر جان چھڑا لے، عمران خان اب امریکہ کی منتیں ترلے کر رہا ہے، معاشرے میں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو ایسے فراڈیوں کو مانتے ہیں۔
عمران خان کی ساری زندگی سیاسی یوٹرن، اب امریکہ کی منتیں ترلے کر رہا ہے: وزیر دفاع
07:41 PM, 14 Nov, 2022