ورلڈ کپ فائنل : نیوزی لینڈ کا آسٹریلیا کو فتح کیلئے 173رنز کا ہدف

08:41 PM, 14 Nov, 2021

دبئی : ٹی20 ورلڈ کپ 2021 کے فائنل میں ولیمسن کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا کو فتح کے لیے 173 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔ 

دبئی میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔ نیوزی لینڈ کے اوپنرز مارٹن گپٹل اور ڈیرل مچل نے مثبت انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور ابتدائی اوورز میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

دونوں نے ٹیم کو 28 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن ہیزل وُڈ نے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلاتے ہوئے سیمی فائنل کے ہیرو مچل کی اہم وکٹ حاصل کر لی۔

نیوزی لینڈ کو پہلی وکٹ گرنے کے بعد آسٹریلین باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سبب رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

کین ولیمسن کو 21 کے مجموعی اسکور پر ایک موقع ملا جب باؤنڈری پر موجود جوز ہیزل وُڈ ان کا کیچ نہ لے سکے اور گیند باؤنڈری کے پار چلی گئی۔

ولیمسن نے اس موقع کا فائدہ اٹھایا اور مچل اسٹارک کے اوور میں 19 رنز بنائے اور پھر انہی کی جانب سے کرائے گئے 16ویں اوور میں 22 رنز بنائے۔

مارٹن گپٹل اور ولیمسن کے درمیان 48 رنز کی شراکت قائم ہوئی لیکن زامپا کو چھکا مارنے کی کوشش میں گپٹل مڈ وکٹ باؤنڈری پر کیچ دے بیٹھے۔

تاہم پورے ٹورنامنٹ میں آؤٹ آف فارم رہنے والے ولیمسن نے فائنل میں بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی۔

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد آسٹریلیا کے کپتان ایرون فنچ نے کہا تھا کہ یہ وکٹ سیمی فائنل کے مقابلے میں قدرے خشک نظر آ رہی ہے۔نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنا چاہتے تھے۔

میچ کے لیے آسٹریلیا نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی لیکن نیوزی لینڈ نے زخمی ڈیون کونوے کی جگہ ٹم سیفرٹ کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔

مزیدخبریں