ملک عمران نیازی کی کرپشن اور نااہلی کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا: شہباز شریف

ملک عمران نیازی کی کرپشن اور نااہلی کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا: شہباز شریف
سورس: فائل فوٹو

لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے گیس بحران پر اظہار تشویش کیا ہے۔  شہبازشریف کا کہنا ہے کہ قدرتی گیس کی عدم فراہمی وبحران حکومت کی نااہلی اور بے حسی کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔سردی ابھی شروع بھی نہیں ہوئی لیکن گھروں اور کارخانوں کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔ عمران نیازی صاحب کیا اچھے دن لائے ہیں؟

شہبازشریف  کہتے ہیں شہریوں کو صرف تین وقت گیس فراہمی کا اعلان حکومت کی بے حسی اور نالائقی ہے ۔ موجودہ حکومت نے خود اعتراف کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائم کردہ انفراسٹرکچر سے گیس کے 14 کارگوز لائے جاسکتے ہیں ۔ سواپ کیاجائے تو مزید دو یا تین گیس کارگوز اور لائے جاسکتے ہیں۔ملک میں اس وقت 18 مزید کارگوز کی کھپت ہے لیکن حکومت صرف دس کارگوز منگوا رہی ہے۔

شہبازشریف کا کہنا ہے کہ ملک میں 300 سے 400 ملین کیوبک فٹ گیس کی قلت ہوگی ۔ چولہے، ہیٹر نہیں جلیں گے۔ نہانے کے لئے گرم پانی کو پہلے ہی موجودہ حکومت عیاشی قرار دے چکی ہے۔ گیس نہ ہونے سے صنعتوں کا پہیہ رُک جائے گا ۔صنعتوں کو گیس کی عدم فراہمی سے ملک میں پہلے سے موجود تاریخی بے روزگاری میں مزید اضافہ ہوجائے گا ۔

 شہبازشریف  کا مزید کہنا ہے کہ جب سے پی ٹی آئی حکومت آئی ہے، گیس مہنگی سے مہنگی ہورہی ہے جبکہ اس کی فراہمی کم سے کم ہوتی جارہی ہے ۔ملک ، عوام اور معیشت عمران نیازی کی نااہلی، کرپشن اور بے حسی کی مزید متحمل نہیں ہوسکتی۔