نوشہرہ: احساس پروگرام کی چیئر پرسن ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ مہنگائی بین الاقوامی مسئلہ بن چکی ہے لیکن وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر آج سے دو کروڑ خاندانوں کو ایک ہزار روپے اشیاء خور و نوش میں ریلیف دینے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔
نوشہرہ میں مختلف مقامات پر جنرل اسٹور میں ریلیف ایپ کی افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ثانیہ نشتر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر 2 کروڑ خاندانوں کو آٹا، گھی اور دالوں پر ماہانہ ایک ہزار روپے سبسڈی دینے کے لیے رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے دنیا میں پہلی مرتبہ ایک جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے رجسٹریشن شروع کی ہے ۔ مستحق خاندانوں کو میسج کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا کہ وہ اہل ہے یا نہیں جبکہ 120 ارب روپے کا احساس راشن پروگرام بھی شروع ہو چکا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی صرف پاکستان کا مسئلہ نہیں ہے کورونا کے باعث پوری دنیا میں مہنگائی عروج پر ہے اور جیسے جیسے معیشت کا پہیہ چلے گا تو لوگوں کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی۔