پشاور : وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم سردیوں میں آنے والی بیماری کی طرح ہے اس کو بھی ویکسین لگائیں گے ٹھیک ہوجائے گی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پوری دنیا میں سردیوں میں بیماریاں آتی ہیں پی ڈی ایم بھی سردیوں کی بیماری ہے۔ حکومت ختم ہونے کی کہانی ہر تین ماہ بعد شروع ہوجاتی ہے۔ ہم کہیں نہیں جا رہے ۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں کسان خوشحال ہوگیا ہے اور وہ حکومت کو دعائیں دے رہا ہے۔ آئی ایم ایف کے معاملے پر میں کچھ نہیں کہوں گا اس بارے میں شوکت ترین ہی بتا سکتے ہیں۔
اسد عمر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر قیادت بہترین تو تمام معاملات بھی حل ہوجاتے ہیں۔ عمران خان ملکی ترقی کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے خبردار کیا کہ کورونا کی وبا ایک بار پھر آسکتی ہے ۔عوام کو چاہئے وہ زیادہ سےزیادہ تعداد میں ویکسین کرائیں۔ جب تک لوگوں کی بڑی تعداد کو ویکسین نہیں لگے گی خطرہ ختم نہیں ہوگا۔ کورونا کے دوبارہ بڑھنے کا خطرہ موجود ہے۔