اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ آئی ٹی کے شعبہ میں ہم بہت زیادہ ترقی کرسکتے ہیں ۔ حکومت آئی ٹی کے شعبہ میں نوجوانوں کی بھرپور معاونت کر رہی ہے ۔ نوجوانوں کی وجہ سے ہم حکومت میں ہیں ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم کے پاس قوم کو دینے کیلئے کچھ نہیں ہے ۔ پی ڈی ایم چاہتی ہے انہیں کسی طرح این آر او مل جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے مختلف معاملات پر سیاست کی ، پی ڈی ایم کے آپس میں شدید اختلافات ہیں وہ اکٹھے نہیں ہوسکتے ، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی اپنی ترجیحات ہیں جبکہ مولانا فضل الرحمان ایسی شخصیت ہیں جو اپنے لئے سوچتے ہیں ۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ ای وی ایم سے میرا سیاسی طور پر بہت زیادہ تعلق رہا ہے ۔ جو قومیں ٹیکنالوجی کو راستہ نہیں دیتیں ان کا مستقبل تابناک نہیں ہوتا ۔ وزیراعظم چاہتے ہیں الیکشن کو تنازعات سے بچانے کیلئے ٹیکنالوجی کو راستہ دیا جائے ۔ اتحادیوں کو ای وی ایم کے حوالے سے بریفنگ دی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی عالمی سطح پر ہے ، پاکستان بھی اس سے متاثر ہے ۔ پی ڈی ایم ملک میں موجود مہنگائی پر سیاست کر رہی ہے ۔ پی ڈی ایم کی حیثیت فوٹو سیشن سے زیادہ نہیں ۔
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کہا کہ افغانستان کی معاشی صورتحال پریشان کن ہے ، جب تک افغانستان کے حالات بہتر نہیں ہوتے خطے کو مسائل درپیش رہیں گے ۔ عالمی قوتوں کو افغانستان کا اس معاملے میں بھرپور ساتھ دینا چاہئے ۔ عالمی قوتیں افغانستان میں بہتری کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔