لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے فواد چودھری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جب نمبر پورے نہیں ہوئے تو تمام سیاسی جماعتیں یاد آگئیں ۔ جب اتحادی اور اپنے اراکین نے عدم اعتماد کردیا ہے تو سیاسی نظام کی کامیابی یاد آگئی ۔
اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہر قومی ایجنڈے کو متنازعہ عمران خان نے بنایا ہے ۔ عمران خان کے علاوہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات چاہتی ہیں ، آپ صرف الیکشن چوری چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسکہ الیکشن رپورٹ کے بعد آپ کی الیکشن کی شفافیت اور الیکشن اصلاحات کا پورے پاکستان کو پتہ چل گیا ہے ۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا تھا کہ انتخابی اصلاحات عمران خان یا تحریک انصاف کا نہیں ، قومی ایجنڈا ہے ۔ سیاسی جماعتیں انتخابی اصلاحات کیلئے آگے بڑھیں ، سیاسی نظام کی کامیابی ہوگی ۔
اپنی ٹویٹ میں فواد چودھری نے مزید کہا کہ ایسا انتخابی نظام ترتیب دیا جائے جس سے تمام قیادت انتخابی نتائج پر اعتماد کرے ۔
دوسری جانب ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ عمران خان اور پی ٹی آئی شروع دن سے انتخابی اصلاحات چاہتے ہیں ، بدقسمتی یہ ہے ہر جگہ چھوٹے چھوٹے نواز شریف بیٹھے ہیں ۔ کوئی قومی اتفاق رائے کے ذریعے سے احتساب کا مخالف لیکن عمران خان وقت کا دھارا بدل کر رہیں گے