اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا پاکستان کے اندر بھارتی ریاستی دہشتگردی کے ناقابل تردید ثبوت ہم نے دے دیئے ہیں اور اب دنیا ہمارے دیئے ہوئے ان ثبوتوں پر خاموش نہیں بیٹھ سکتی۔
عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ان شواہد کے بعد پاکستان اب پرامید ہے کہ عالمی برادری بھارت پر دباو ڈالے گی تاکہ بھارت پاکستان کے امن کو خراب کرنے سے باز آ جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری پاکستان میں ہزاروں بے گناہوں کے قاتلوں کو سزا دینے کے لئے دباو بڑھائے گی کیونکہ بھارت پاکستان کے اندر ریاستی دہشتگردی میں ملوث ہے۔
عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ بھارت براہ راست پاکستان میں دہشتگردوں کو مالیاتی اور دیگر سپورٹ فراہم کر رہا ہے تاہم ہماری بہادر سیکیورٹی ایجنسیز اور فورسز عوام کا تحفظ جاری رکھیں گے اور کسی کو شک نہیں ہونا چاہیئے کہ ہم اپنے ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں کیونکہ مشترکہ عزم ہے کہ ملک کا دفاع جاری رکھیں گے۔
واضح رہے کہ آج پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کر دیا تھا اور بتایا کہ بھارت خطے میں دہشت گردوں کا سب سے بڑا سہولت کار ہے اور دہشت گرد تنظیموں کو اسلحہ، تربیت اور پیسہ دے رہا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی خفیہ اداروں نے الطاف حسین گروپ کو 3.23 ملین ڈالر کی رقم دی تھی جس کے شواہد بھی موجود ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک کو نقصان پہنچانے کیلئے بھارت خصوصی ملیشیا قائم کی تھی اور 60 ملین ڈالرز بھی ان کو دیئے جبکہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے میں بھارتی ساختہ اسلحہ استعمال ہوا۔ اس کے علاوہ بی ایل ایف، پی ایل اے پرل کانٹینٹل حملے میں ملوث تھے اور جس کا ماسٹر مائنڈ بھی بھارت کی خفیہ ایجنسی را کا آفیسر انوراف سنگھ تھا۔