گلگت بلتستان کے الیکشن میں پی ٹی آئی کی جیت متوقع ہے،تجزیہ کار 

بھارتی کارروائیوں کے جواب میں ہماری لیڈر شپ کا رویہ بہت دفاعی تھا،بریگیڈئیر (ر) غضنفر

09:58 PM, 14 Nov, 2020

اسلام آباد: نیو نیوز کے پروگرام جمہور میں گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کار راجہ فیصل نے کہا کہ موجودہ بھارت گاندھی یا نہرو کا نہیںبلکہ آرایس ایس کا ہے ۔ اگر پاکستان کے فراہم کردہ ثبوت عالمی عدالت میں لے جائے جاتے ہیں تو ان ثبوتوں کا فرانزک کیا جائے گا جس کے بعد بھارت کے لئے سفارتی محاذپر کافی ٹف ٹائم آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان مخالف کارروائیاں آج سے نہیں کئی سالوں سے کررہا ہے لیکن پاکستان نے ثبوت سامنے نہیں رکھے۔

گلگت بلتستان کے الیکشن پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن بہت اہم ہے اس کی وجہ سی پیک ہے اور بھار ت میں اس الیکشن پر بہت چہ میگوئیاں ہورہی ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی سال تک ہمارا وزیرخارجہ ہی نہیں تھا ۔نوازشریف کے دور میں باقاعدہ طورپر تسنیم قریشی کا کہنا تھا کہ ہمیں ہدایات دی گئیں کہ ہم نے خاموشی اختیار کرنی ہے ۔ جب پاکستان وار آن ٹیرر میں بہت زیادہ مصروف تھا اس وقت بھی امن کی آشا اور امن کی بھاشا چلتی رہی اس وقت پاکستان اندورنی سیکورٹی کے مسائل میں گھرا ہوا تھا ۔

راجہ فیصل  نے مزید کہا کہ پچھلے دور میں پاکستان کی سیکورٹی بحال ہونا شروع ہوئی تھی جس میں بہت زیادہ اقدامات کرنے کی ضرورت تھی لیکن ایسا کچھ بھی نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے معاملات یہاں تک آن پہنچے ہیں ۔ جی بی الیکشن میں گورو پی ٹی آئی کی جیت کی بات کرتے ہیں ۔ جی بی کی عوام نے فوج کے خلاف ایلیمنٹ کو پسند نہیں کیا ۔ جی بی کے لوگ کہتے ہیں کہ مریم نواز ہماری بیٹی کی طرح ہے ہم نے اس لئے اس کی مہمان نوازی کی ہے لیکن اس کو ووٹ نہیں دیں گے کیونکہ وہ فوج کے خلاف ہیں ۔ اگر سروے دیکھا جائے تو اس میں پی ٹی آئی سرفہرست ہے ۔ 
 
پروگرام میں موجود دفاعی تجزیہ کار بریگیڈئیر(ر) غضنفر نے کہا کہ بھارت کے رویئے کے جواب میں ہماری لیڈرشپ کا معافی والا رویہ ہے ۔ بھارتی فائرنگ سے ہماری سویلین آبادی کو نشانہ بنایاجاتا ہے جب ہماری طرف سے کوئی کارروائی ہوتی ہے تو ہم سویلین کو نشانہ نہیں بناتے ۔ ہم جنگ بہت اخلاقی بنیادوں پر لڑتے ہیں لیکن بھارت میں ایسا نہیں ہے ۔ بھارتی تو وہ قوم ہےجنہوں نے  اپنے باپو کو ہی آزادی کے پندرہ روز بعد گولی مار کر قتل کر دیا تھا ۔بھارتیوں میںمنافقت بہت زیادہ ہے ۔سوال یہ ہے کہ آج ڈی جی آئی ایس پی آر نے موجودہ صورتحال میںیہ شواہد سامنے کیوں رکھے اس کو سمجھنا چاہئے ۔ یہ ثبوت آج جمع نہیں کئے گئے یہ کئی سال سے جمع ہورہے تھے ۔جب کوئی واقعہ ہوا تو اس وقت آپ نے اس معاملے کو کیوں نہیں اٹھایا ہماری قیادت بھارتی حکومت سے ڈرتی تھی یہ کہتے تھے کہ یہ کسی تیسری پارٹی نے کیا ہے یہ نہیں کہتے تھے کہ یہ بھارت نے کیا ہے ۔

بریگیڈئیر(ر) غضنفر نے کہا  جب تک ہم بھارت کے ایجنڈے کو نہیں پہچانیں گے توتب تک ہم ہارتے ہی رہیں گے ۔ اے پی ایس میں بچوں کو قتل کیا گیا کیا نوازشریف کسی کے پاس گیا یا ہم نے کسی عالمی فورم پر اس حوالے سے کوئی بات کی ۔ ہماری لیڈر شپ بھارتی ایجنٹ رہی ہے یہ جندال کو گھر بلاتے تھے۔ ہماری لیڈر شپ کا رویہ بہت ہی دفاعی رہا ہے ہم اپنا کیس مناسب وقت پر کسی مناسب فورم پر لے کر ہی نہیں گئے اگر ہم ایسا کرتے تو ان کو اس حد تک جانے کی جرات نہ ہوتی ۔ 


گلگت سے اینکر پرسن سلمان حیدر نے الیکشن کی صورتحال بتاتے ہوئے کہا درجہ حرارت نقطہ انجماد پر ہے اور بارش کی پھوہار بھی شروع ہوگئی ہے ۔ اس وقت محلوں میں جوڑتوڑ کا سلسلہ جاری ہے چھوٹے چھوٹے محلوں میں جرگے ہورہے ہیں اور یہ اطلاعات مل رہی ہیں کہ کوئی بیٹھ گیا ہے کوئی کسی دوسرے کے ساتھ مل گیا ہے ۔ پی ڈی ایم کا پلیٹ فارم عمران خان کو ہٹانے کے لئے تھا سوال یہ ہے کہ اس پلیٹ فارم کو یہاں پر کیوں استعمال نہیں کیا گیا اگر اس پلیٹ فارم کو استعمال کرتے اپوزیشن کلین سویپ کرسکتی تھی ۔

سلمان حیدر نے بتایا کہ تمام سیاسی جماعتیں اندر سے ایک دوسرے کے ساتھ نہیں ہیں ۔ یہاں پر زبردست قسم کی منافقت نظر آئی ہے اگر پی ڈی ایم کو استعمال کیا جاتا تو اب تک نتائج واضع ہوتے ۔ یہاں کے عوام فوج کو پیار نہیں کرتی وہ فوج کو پوجتی ہے فوج کو عشق کرتی ہے ۔جی بی میں جوڑتوڑ نہیں ہوگا بلکہ پی ٹی آئی ہی آگے بڑھے گی ۔ 

مزیدخبریں