وزیراعظم نے کفالت پروگرام سے سہولت حاصل کرنیوالوں کی تعداد 70 لاکھ کرنیکی منظوری دیدی

Pakistan,PM,Imran khan,PTI
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایک اور انقلابی اقدام کرتے ہوئے کفالت پروگرام سے سہولت حاصل کرنیوالوں کی تعداد 46 لاکھ سے بڑھا کر 70 لاکھ کرنے کی منظوری دیدی۔ جس کا فیصلہ وزیراعظم کی زیر صدارت احساس کفالت پروگرام کی تیاری کے حوالے سے اجلاس میں کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی اس وقت تمام تر توجہ معیشت کی بحالی پر ہی مرکوز ہے اور حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے گی۔ عالمی وباء کے پیش نظر شہریوں کی حفاظت اور معاشی سرگرمیوں میں استحکام و ترقی دونوں مقصود ہیں۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والے حالات کا سب سے زیادہ بوجھ غریب عوام پر پڑ رہا ہے لہذا اب اس امر کی ضرورت ہے کہ احساس پروگرام کے دائرہ کار میں ممکنہ حد تک اضافہ کیا جائے۔ 

اجلاس میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ ، معاون خصوصی برائے تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور سینئر افسران نے شرکت کی اور اجلاس کو معاون خصوی ثانیہ نشتر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عالمی وبا کی وجہ سے معاشرے کے کمزور طبقات کی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے اور دنیا بھر کے ممالک نے ایسی صورت حال میں عوام کی فلاح کے لئے خصوصی معاشی پیکج دیئے ہیں جبکہ پاکستان نے بھی احساس پروگرام کے ذریعے پاکستانیوں کی بھر پور مدد کی۔ 

اس موقع پر اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے جس نے وبا کی کامیابی کیلئے بہتر انداز میں حکمت عملی بنائی اور اس میں کامیابی بھی ملی۔ بین الاقوامی اداروں اور اقوام عالمی کی طرف سے پاکستان کے اقدامات کو خوب پذیرائی ملی۔