ن لیگی اراکین نے قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے احتجاجا استعفی جمع کروا دئیے۔

 ن لیگی اراکین نے قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے احتجاجا استعفی جمع کروا دئیے۔
کیپشن: Image Source: File Photo

لاہور:حمزہ شہباز کو  پنجاب اسمبلی میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چئیرمین نہ بنانے اور پروڈکشن آرڈر جاری نہ ہونے پر مسلم لیگ ن کے 100 ارکان نے قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت اور چئیرمین شپ سے احتجاجا استعفی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دئیے۔


تفصیلات کے مطابق ،  لیگی رہنما ملک ندیم کامران، چودھری اقبال گجر، سمیع اللہ خان، ذیشان رفیق نے پارٹی ارکان کے استعفے ڈی جی پنجاب اسمبلی عنایت اللہ لک کو جمع کروا دیئے۔ اس موقع پر ملک ندیم کامران نے کہا کہ آج پنجاب کی پارلیمانی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب اتنی بڑی تعداد میں ارکان نے اسٹینڈنگ کمیٹیوں سے استعفے دے دئیے۔

ایم پی اے سمیع اللہ خان نے حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب تک پی ٹی آئی کے ارکان جیل میں رہے، پروڈکشن آرڈر جاری ہوتے رہے، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان فارمولا طے ہوا تھا کہ حمزہ شہباز کو پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چئیرمین بنایا جائے گا لیکن یقین دہانی کے باوجود عملدرآمد نہ ہو سکا۔ 

سمیع اللہ خان نے کہا  کہ پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی سے بھی ہماری بات ہوئی ہے، انہوں نے اپنی قیادت سے مشاورت کے بعد ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔