گوجرانوالہ: بزدار سرکار میں جیل سے گینگ چلائے جانے لگے، گوجرانوالہ سنٹرل جیل میں سزائے موت کے قیدی کا بھتہ وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔
50 ہزار روپے بھتہ نہ دینے پر جیل سے باہر ساتھیوں نے فائرنگ کرکے شہری کو زخمی کر دیا۔ گوجرانوالہ کے تھانہ اروپ میں سزائے موت کے قیدی اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ایف آئی آر میں زخمی شہری نے انکشاف کیا کہ وہ پہلے بھی 50 ہزار روپے بھتے کی مد میں سنٹرل جیل بھجوا چکا ہے، اگلی قسط نہ بھجوانے پر فائرنگ کرا دی۔ سنٹرل جیل گوجرانوالہ میں سزائے موت کے قیدی مہران چند اور جیل انتظامیہ سے متعلق اسپیشل برانچ کی رپورٹ میں بھی اہم انکشافات کیے گئے ہیں۔
نیونیوز نے اس رپورٹ کی کاپی حاصل کرلی ہے۔ جس کے مطابق سزائے موت کے قیدی مہران چند کو سنٹرل جیل گوجرانوالہ میں وی وی آئی پی سہولیات دی جا رہی ہیں۔
ملاقاتی شیڈ کے بجائے مہران چند کی ملاقاتیں جیل میں ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ زمرد کے کمرے میں کرائی جاتی ہیں، جیل رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے روزانہ گھر سے کھانا منگوایا جارہا ہے۔