لاہور: مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی پنجاب اسمبلی نے سٹینڈنگ کمیٹیوں سے استعفیٰ دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگ کے ترجمان ملک کامران نے بتایا ہے کہ قائدِ حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو پبلک اکاونٹ کمیٹی (پی اے سی) کا چیئرمین نہ بنانے پر مسلم لیگ ن کے100 ارکان کے استعفے جمع کرا رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پنجاب اسمبلی میں سٹینڈنگ کمیٹیوں کو بنانے میں تاخیر کی ہے۔ حمزہ شہباز کو پی اے سی کا چئیرمین نہ بنانے کے پیچھے وزیر اعظم کی مداخلت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو پنجاب اسمبلی کے معاملات میں مداخلت کرنا ناجائز عمل ہے، ابتدائی طور پر پارٹی نے فیصلہ کیا پنجاب اسمبلی کی تمام سٹینڈنگ کمیٹیوں سے مستعفی ہوں۔
یاد رہے گزشتہ روز ترجمان پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب عظمی بخاری نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز اور دیگر لیگی رہنماوں کے پروڈکشن آرڈر جاری نہ کرکے اپوزیش کو نمائندگی کے حق سے محروم رکھا جارہاہے۔
انہوں نے کہا کہ پبلک اکاونٹس کمیٹی (پی اے سی) ون میں حزب اختلاف کو چیئرمین شپ نہیں دی جا رہی۔ قانون سازی میں اپوزیشن کی آواز کو بلڈوز کیا جارہا ہے۔لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت کی جانب سے اب تک پی اے سی ٹو تشکیل دی گئی ہے۔
پی اے سی ٹو کی چیئرمین شپ حکومت کے پاس ہے۔ پی اے سی ون اور تھری تشکیل نہیں دی جاسکی ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ اپوزیشن کو پنجاب اسمبلی کی کاروائی میں دیوار سے لگایا جارہا ہے۔ یہ اقدام کسی صورت قبول نہیں۔